لاڈلے شریفوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا، لوگ ووٹ ڈالتے وقت یاد رکھیں گے: پرویز الٰہی
لاہور +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاڈلے شریفوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ انشاءاللہ ووٹ ڈالتے وقت لوگ یہ بات لازمی یاد رکھیں گے کہ انہی لاڈلوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ڈی پی او گجرات اسد مظفر، ڈی پی او منڈی بہا¶الدین رضا صفدر کاظمی، ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار ریاض گل خان اور ڈی پی اوتلہ کنگ چکوال کیپٹن وحید پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنما¶ں پر دبا¶ ڈال رہے ہیں کہ وہ ن لیگ کو ووٹ دیں سرکاری دفاتر کو عوام کی بھلائی کیلئے استعمال کرنے کی بجائے ن لیگ کے سیاسی دفاتر میں تبدیل کر دیا ہے۔ چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز پبلک آفس نہیں بلکہ ن لیگ کا آفس چلا رہے ہیں ہم اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت کے بعد ہائیکورٹ میں ان چاروں ڈی پی اوز کے خلاف رٹ دائر کر رہے ہیں۔ نگران پنجاب ٹیم سے مشاورت کے بعد ہائیکورٹ میں ان چاروں ڈی پی اوز کے خلاف رٹ دائر کر رہے ہیں۔ نگران پنجاب حکومت اور انتظامیہ ن لیگ کو بھرپور سپورٹ کر رہی ہے۔ الیکشن کمشن اس بات کا نوٹس لے چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف کا ووٹ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے اور یہ بات لاڈلے نواز شریف اور شہباز شریف کو ہضم نہیں ہو رہی، چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الحمد اللہ ہمارا کپتان بھی تگڑا ہے، عمران خان پاکستانی عوام کی امید کی واحد کرن ہیں۔ ووٹ صرف پی ٹی آئی کا ہے، بیلٹ پیپر پر بلے کا نشان نہ ہوا تو الیکشن کا کوئی جواز نہیں۔ انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج کی عدم دستیابی کے باعث سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کو تھانہ سی ڈی میں درج مقدمہ میں چالان کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں،ڈیوٹی جج نے کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہفتہ میں دو روز ملاقات کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز فاضل عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدم دستیابی کے باعث چودھری پرویز الہی کے خلاف ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ پر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ کی سماعت کیلئے سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت اسلام لایا گیا۔