تلخیاں کم کرنا پالیسی، بلاول چند روز میں مان جائیں گے، اگلی حکومت ہماری: رانا ثنا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاﷲ نے کہا ہے کہ کچھ دن پہلے بلاول پیپلز پارٹی کی حکومت کے آنے کا دعویٰ کرتے رہے‘ اب وہ مخلوط حکومت کی بات کر رہے ہیں لیکن اگلے چند دنوں میں وہ مان جائیں گے کہ آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی آ رہی ہے۔ رانا ثناءنے کہا کہ بلاول کو ا±س انداز سے جواب نہیں دینا چاہتے، ہماری پالیسی تلخیاں کم کرنا ہے۔ رانا ثناءنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سے (ن) لیگ 40 سے 46 سیٹیں حاصل کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ جنوبی پنجاب سے اپنے ٹاسک کو پورا کریں گے۔ رانا ثناء نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، اس وقت ملک کو سازش کے تحت ڈی ٹریک کیا گیا۔ آج ملک میں مہنگائی اور ڈالر نہیں رک رہا، ملک کو دوبارہ ترقی کے ٹریک پر لائیں گے۔ ہمیں یقین ہے عوام (ن) لیگ پر اعتماد کریں گے، اس مرتبہ بھی ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔ ہماری پالیسی ہے اس قسم کی تلخیوں کو بڑھانے کے بجائے کم کریں۔ اگر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو پھر سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔ پیپلزپارٹی نے اگر پنجاب میں الیکشن لڑنا ہے تو ہمارے خلاف ہی بیانیہ بنانا پڑے گا۔ بلاول ہماری تعریفیں کرکے تو ووٹ نہیں لے سکتے۔ بلاول چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں۔ ہم نے سیاست میں گندگی، اوئے، توئے کے کلچر کا سامنا کیا۔