• news

عمران، بشریٰ بی بی، شیخ رشید، پرویز خٹک، اسد عمر، فرح گوگی سمیت41افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل کا اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی اور وزیر مواصلات و ریلوے شاہد اشرف تارڑ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے افسر بھی شریک تھے۔ ای سی ایل سے متعلق مختلف نوعیت کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ ذیلی کمیٹی نے مختلف محکموں اور اداروں کی طرف سے بھیجے جانے والے 41 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی۔ نیب کی سفارش پر 190 ملین پاو¿نڈ سکینڈل میں 29 افراد کے نام بھی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، بشری بی بی، فرح خان کے علاوہ سابق کابینہ کے ارکان شہزاد اکبر، زلفی بخاری، شیخ رشید، غلام سرور، اسد عمر، پرویز خٹک، مراد سعید، حماد اظہر، عمر ایوب، علی امین گنڈاپور اور دیگر کے نام شامل ہیں۔ 13 مختلف نوعیت کے کیسز کو ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش بھی کی گئی۔ عدلیہ کی ہدایات پر 7 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ نظر ثانی کےلئے پیش کی گئی اپیلوں میں سے 3 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی سفارش کی گئی۔ ذیلی کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کےلئے نگران وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن