• news

سپریم جوڈیشل کونسل سے جسٹس مظاہر کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری، 14روز میں جواب طلب

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم جوڈیشل کونسل نے عدالت عظمیٰ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو تفصیلی شوکاز نوٹس جاری کرکے 14 دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو نوٹس کونسل کے سامنے آئے شواہد کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ چودہ روز کے بعد جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف مزید کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس 4:1 کی اکثریت سے جاری کیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی، جسٹس سردار طارق، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس نعیم افغان نے شوکاز جاری کرنے کے حق میں رائے دی جبکہ جسٹس اعجازالاحسن نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی حمایت نہیں کی۔ یاد رہے کہ جوڈیشل کونسل کا اجلاس تین روز سے جاری رہا اور اس میں جسٹس سردار طارق مسعود کیخلاف شکایت کو خارج کردیا گیا تھا۔ جوڈیشل کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کونسل کے تین ارکان پر اعتراض اٹھایا تھا۔ اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کی نمائندگی وکیل خواجہ حارث کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن