• news

پاک سعودی تعلقات تاریخی ، نفرت کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ تعلیم :امام کعبہ

اسلام آباد (خبرنگار) امام کعبہ پروفیسر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن محمد الحمید نے کہا ہے کہ پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے،پاک سعودی تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں ، نفرت کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ تعلیم ہے۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی تعلیمات کی ترویج میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امام کعبہ نے وزیر تعلیم مدد علی سندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی بھی موجود تھے ۔امام کعبہ نے کہا کہ پاکستانیوں سے مل کر مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے ، جن استاد محترم سے تحفیظ کا شرف ملا وہ بھی پاکستانی تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بے پناہ محبت ہے۔ یاد رہے کہ امام کعبہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت اور خصوصی خطاب کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔ آج فیصل مسجد کیمپس میں وہ اس کانفرنس میں کلیدی خطبہ دیں گے۔ امام کعبہ جمعہ کے روز فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی بھی امامت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن