قومی کرکٹرز امام الحق ‘فہیم اشرف کی شادی ‘مہندی کی تقریبات
لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹر امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ‘کھلاڑی کی ہونے والی دلہنیا کی مہندی کی تقریب کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔ شیئر کی گئی پوسٹ میں امام الحق کی ہونے والی دلہنیا انمول محمود کو ٹیگ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ان کی تصاویر و ویڈیوز بھی شیئر کی گئی ہیں۔ ویڈیوز و تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مہندی کی تقریب میں انمول محمود نے سرخ رنگ کا جوڑا زیب تن کیا ہوا ہے جس پر سنہری رنگ کا نفیس کام کیا گیا ہے۔ شادی کی تقریبات کے سلسلے میں مہندی کی تقریب ناروے میں منعقد ہوئی ہے۔ امام الحق کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں قوالی نائٹ کی تقریب آج 23 نومبر کو لاہور میں ہو گی۔کھلاڑی کے نکاح کی تقریب 25 نومبر کو طے کی گئی ہے، جس میں کرکٹر پرنس کوٹ پہنیں گے جبکہ قومی کرکٹر کا ولیمہ 26 نومبر کو لاہور میں ہو گا۔امام الحق کی شادی ناروے کی شہریت رکھنے والی انمول محمود سے ہو رہی ہے۔قومی کرکٹر امام الحق کے بعد آل راو¿نڈر فہیم اشرف کو بھی شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹریننگ سیشن میں حصہ نہ لینے کی اجازت مل گئی۔دورہ آسٹریلیا کیلئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں اوپنر امام الحق اور آل راو¿نڈر فہیم اشرف سکواڈ کا حصہ ہیں تاہم دونوں کرکٹرز کو شادی کی تیاریوں کے سلسلے میں تربیتی سیشن میں حصہ نہ لینے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ آل راو¿نڈر فہیم اشرف کے ولیمے کا استقبالیہ بھی 26 نومبر کو پنجاب کے شہر پھول نگر میں طے ہے۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا سکواڈ 30 نومبر کو روانہ ہوگا، دونوں کرکٹرز روانگی سے قبل سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔ فہیم اشرف کی تقریب کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ گزشتہ رات فہیم اشرف کی مہندی کی تقریب آبائی علاقے پھول نگر میں ہوئی جس میں آل راو¿نڈر کے رشتہ دار اور دوستوں نے شرکت کی، فہیم اشرف کی شادی 25 نومبر کو ہوگی جبکہ ولیمہ ایک روز بعد ہوگا۔