ٹولنٹن مارکیٹ: جانوروں کی فروخت‘ تجاوزات پر ایل ڈبلیو ایم سی سے آج عملدرآمد رپورٹ طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں پالتو جانوروں کی فروخت اور تجاوزات کے خلاف درخواست پر ایل ڈبلیو ایم سی کو مسئلہ حل کر کے آج عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ میں جانوروں کی فروخت اور صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار ناراضگی کیا۔ عدالت نے مسئلہ کا حل نہ ہونے پر دکانیں سیل کرنے اور دکانداروں کو پانچ پانچ لاکھ جرمانہ کرنے کا عندیہ دیا۔ درخواست گزار کی وکیل سیدہ عزت فاطمہ نے مؤقف اپنایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں جانور فروخت ہو رہے ہیں۔ ملحقہ نالہ میں بھی گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، یہاں دکانیں صرف مرغی اور سبزی کی فروخت کے لئے دی گئیں تھیں۔