آرمی چیف کا سٹرائیک کور کا دورہ
پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ امن میں حقیقت پسندانہ تربیت جنگ میں بہترین کارکردگی کی ضمانت ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ¿ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے منگل کے روز سٹرائیک کور کا دورہ کیا اور مشترکہ تربیتی مشق کا مشاہدہ کیا۔ مشترکہ تربیتی مشق کا مقصد جارحانہ آپریشنل تصورات کی توثیق کرنا تھا۔ آرمی چیف نے جدید ترین وی ٹی 4 ٹینکوں سے لیس آرمرڈ فارمیشن کی قیادت میں کی گئی پیچیدہ مشقوں کے متاثر کن مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ جنرل عاصم منیر نے تربیتی مشق میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے، آپریشنل کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ہمیں درپیش اندرونی و بیرونی خطرات کے تناظر میں افواج پاکستان کو جدید سازوسامان کے ساتھ ہمہ وقت تیار رکھنا ضروری ہے۔ افواج پاکستان جنگی دفاعی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ انھیں ملک کے عوام کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔ ملک دشمن عناصر جس طرح پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے سازشیں کررہے ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ہماری بہادر افواج پوری طرح تیار ہیں اور ملک کے طول و عرض میں تخریب کاروں کے خلاف کارروائی کر کے وہ پاکستانی عوام اور دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ ملک میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے وہ ہر لمحہ مستعد ہیں۔ اس سلسلے میں سیاسی قیادت کو پوری طرح متحد ہو کر افواجِ پاکستان کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے تاکہ دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو یہ پیغام مل سکے کہ پاکستان کے تمام طبقات تخریب کاری کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے متحد اور یک جہت ہیں۔