غزہ میں جنگ بندی کا شدت انتظار، برکس بلاک میں شمولیت کیلئے درخواست دیدی: پاکستان
اسلام آباد(آئی این پی) انسانی امداد کی رسائی ممکن بنانے کیلئے پاکستان غزہ میں جنگ بندی کا شدت سے انتظار کر رہا ہے، پاکستان نے برکس بلاک 2024میں شمولیت کیلئے درخواست دیدی،اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امن صرف بات چیت سے ممکن ہے، غزہ میں 6ہزار سے زائد بچے شہید ہوئے جو کہ غزہ کی آبادی کا 40فیصد ہیں،انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے میں بچوں کا عالمی دن منایا گیا، غزہ بچوں کے لیے سب سے مشکل جگہ بن چکی ہے،ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان ڈنمارک، فن لینڈ اور سوئیڈن سے سیاسی مشاورت کر رہا ہے،ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ڈنمارک کے ساتھ سیاسی مشاورت 21نومبر کو منعقد ہوئی، سوئیڈن کے ساتھ سیاسی مشاورت منعقد ہو رہی ہے جبکہ فن لینڈ کے ساتھ مشاورت جمعہ کو(آج) ہو گی،ترجمان نے کہا کہ نگران وزیر اعظم یکم اور 2دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں کاپ 28میں شرکت کر کے موسمیاتی تغیر پر پاکستانی تصور پیش کریں گے،ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کی تعیناتی بچوں کے لیے ایک شدید صدمہ ہے،ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان نے باضابطہ طور پر برکس میں شمولیت کی درخواست دی ہے، پاکستان نے یہ فیصلہ جوہانسبرگ میں برکس سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کے بعد کیا، امید کرتے ہیں کہ برکس کی طرف سے ہماری درخواست پر عمل کیا جائے گا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روس اور چین رکنیت حاصل کرنے میں پاکستان کی مدد کریں گے،دوسری جانب روس میں پاکستانی سفیر محمد خالد جمالی نے کہا کہ رنیت کے عمل کے دوران پاکستان روس کی مدد پر اعتماد کررہا ہے،برکس برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل گروپ ہے اور اس میں اس سال اگست میں 13سال بعد توسیع کی گئی تھی۔