روس تعلقات خطے کیلئے مفید، مسئلہ حل ہونے تک پاکستان کشمیریوں کے نشانہ بشانہ:وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ روس خطے اور بین الاقوامی سطح پر اہم ملک اور پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان روابط اور توانائی تعاون کو فروغ دینے سے ہمارے عوام کے ساتھ ساتھ خطے کو بھی فائدہ ہوگا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان میں روس کے سفیر ڈینیلا گانچ نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے روسی سفیر کے گرانقدر تعاون کو سراہا۔ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ روس، خطے اور بین الاقوامی سطح پر ایک اہم ملک اور پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے مسلسل فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط اور توانائی تعاون کو فروغ دینے کے کلیدی شعبے ہیں جس سے ہمارے لوگوں کے ساتھ ساتھ خطے کو بھی فائدہ ہوگا۔ جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیرِ اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر آزاد کشمیر میں توانائی، آبی ذخائر، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کے دیرینہ مسائل کے حل پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعرات کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا جہاں وزیرِ اعظم کو پاکستان کی ملک میں آفات سے نمٹنے کے حوالے سے تیاریوں، آفات کے بعد بحالی کے کام اور متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے 28ویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز اجلاس (کوپ۔28) میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ نگران وفاقی وزراءجلیل عباس جیلانی، ڈاکٹر شمشاد اختر اور متعلقہ حکام بھی بریفنگ میں وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ اجلاس کو چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے شرکاءکو بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے کے تحت پاکستان میں آفات سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل تیار ہے جس میں قدرتی آفات سے دو ماہ پہلے کی پیش گوئی اور اس کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی شامل ہے۔ اجلاس کو کوپ۔28 کے تناظر میں بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی اور جغرافیائی اعتبار سے لاحق خطرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اور این ای او سی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے این ڈی ایم اے کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ تعاون سے ایک قومی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ این ای او سی میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے حوالے سے دنیا بھر بشمول پاکستانی ماہرین کی تحقیق سے استفادہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوپ۔28 میں پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے ساتھ ساتھ دنیا کو اپنے تجربے سے بھی آگاہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور این ای او سی کے ملک میں قدرتی آفات کی پیش گوئی، ان سے نمٹنے اور ان کے اثرات کو کم کرنے کیلئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ نگران وزیراعظم نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ نگران وزیراعظم نے وزارت اطلاعات و نشریات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کے لئے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔
میڈیا، وزیراعظم