پاکستان سے تعلق مضبوط ہو رہا، وزیراعظم آزاد کشمیر، حمایت جاری رکھیں گے: سرفراز بگٹی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+وقائع نگار) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کی جموں کشمیر ہا¶س اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور آزادکشمیر کی تعمیرو ترقی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ قلبی تعلق ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے الحاق پاکستان کے مشن کی تکمیل کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر آزادکشمیر میں مکمل عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے میری تمام اداروں کو واضح ہدایت ہے کہ ان معاملات پر زیرو ٹالرنس ہے۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلیے تمام تر امداد جاری رکھے گی۔