کاروبار کی بندش کا فیصلہ مسترد‘ حکومت نظرثانی کرے: لاہور چیمبر‘ انجمن تاجران
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جمعہ اور ہفتہ کی صبح کے اوقات میں کاروبار بند رکھنے اور اتوار کو مکمل شٹر ڈاو¿ن کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے کیونکہ اس سے کاروباری بری طرح متاثر ہونگے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ اس فیصلے سے کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز مزید بڑھ جائیں گے جنہیں پہلے ہی زیادہ کاروباری لاگت اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ ہر جمعہ اور ہفتہ کو صبح کے اوقات میں کاروبار کی بندش سموگ کے خلاف جنگ میں مؤثر کردار ادا نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے کرنے کے بجائے سموگ سے نمٹنے کے لیے سٹک ہولڈرز کی مشاورت سے طویل المدت اور ٹھوس حل تلاش کرنا ہونگے۔ دوسری طرف آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جمعہ اور ہفتہ کے روز کاروبار 3 بجے تک اور اتوار کے روز مکمل بند رکھنے کے فیصلے پر اعتماد میں نہ لینے پر سخت تشویش ہے۔ فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں انار کلی سمیت دیگر مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر حکومت ہماری درخواست کو زیر غور نہیں لاتی اور اتفاق رائے کی بجائے سولو فلائٹ کرے گی تو ہم احتجاج کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہوں گے۔