افغانستان نے نئی دہلی میں اپنا سفارتخانہ مستقل طور پر بند کردیا
نئی دہلی(اے پی پی)افغانستان نے بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں اپنا سفارت خانہ مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی میں اپنے سفارتی مشن کو بندکرنے کے بارے میں ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے، افغان سفارتخانے نے کہاہے کہ"بھارتی حکومت کی طرف سے مسلسل چیلنجوں کی وجہ سے 23 نومبر سے نئی دلی میں اپنا سفاتخانہ مستقل طورپر بند کیاجارہا ہے "۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ فیصلہ رواں سال30ستمبر کو سفارتخانے کی جانب سے پہلے آپریشن بند کیے جانے کے بعد کیا گیا تھا، یہ اقدام اس امید پر کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے موقف میں مثبت تبدیلی آئے گی تاکہ سفارتی مشن کو معمول کے مطابق کام کرنے دیا جا سکے۔سفارت خانے نے مزیدکہا ہے کہ بعض لوگ اس اقدام کو اندرونی تنازعہ قرار دینے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس میں مبینہ طور پر ایسے سفارتکار بھی شامل ہیں جنہوں نے طالبان سے بیعت کی ہے، تاہم یہ فیصلہ پالیسی اور مفادات میں وسیع تر تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔بیان کے مطابق افغان سفارت کاروں نے مشن کو مکمل طور پر بھارتی حکومت کے حوالے کر دیا ہے۔ اب یہ اس پر منحصر ہے کہ وہ مشن کی تقدیر کا فیصلہ کرے، چاہے اس کی بندش برقرار رکھے یا طالبان سفارت کاروں کے حوالے کرنے سمیت متبادل آپشنز پر غور کرے۔بیان میں افسوس ظاہر کیاگیا ہے کہ نئی دہلی میں افغان مشن کا خاتمہ بھارت میں افغان جمہوریہ کے اختتام کی علامت ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان نے مودی حکومت کے رویہ کی وجہ سے یکم اکتوبر سے نئی دہلی میں اپنے سفارتخانے کو عارضی طورپر بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔