• news

ملک کے بارے میں مایوسی پھیلانے والے ناکام رہیں گے:محسن نقوی،پارکنگ رولز کی خلاف ورزی پر پلازہ مالکان کیخلاف کاروائی ہوگی۔

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کے کورس کے شرکاءسے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں مایوسی پھیلانے والے ہمیشہ کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔ پاکستان نیچے نہیں بلکہ اوپر جائے گا۔ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے، ہمارے پاس بہترین انسانی وسائل موجود ہیں۔ پاکستان بہت جلد ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر ٹیک آف کرے گا۔ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ مایوسی گناہ ہے۔ ہم اگر امید رکھیں گے تو ہمارے بچے بھی پر امید رہیں گے۔ اگر ہم مایوس ہوگئے تو ہمارے بچے بھی مایوس ہوں گے۔ 10ماہ قبل جب پنجاب میں نگران سیٹ ا پ آیا تو ہمیں بتایا گیا کہ گندم کا سرکلر ڈیٹ 600ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ ہم نے عزم کے ساتھ مشکل فیصلہ کیا اور یہ سرکلر ڈیٹ ختم کیا۔ کپاس کے زیر کاشت رقبے میں اضافہ کیا اور تین ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا۔ چاول کی کاشت میں 100فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 2ارب ڈالر کا اضافہ چاول کی کاشت سے ہوا۔ پنجاب میں 100 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ پرانے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ نئے ہسپتال بھی بنا رہے ہیں۔ ہم اپنا کام کررہے ہیں آنے والی حکومت اپنا کام کرے گی۔ اگر میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے ایک فیصد بھی کامیاب ہوگیا تو یہ ہماری کامیابی ہوگی۔ بلاشبہ عوام کی سہولت کے لئے بہت سے کام ہوسکتے ہیں لیکن ہم نگران سیٹ اپ میں ہیں۔ ایئر وائس مارشل حسین احمد صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بڑے ہسپتالوں کے مجموعی طورپر 70لاکھ مربع فٹ ایریا کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی ہسپتالوں نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ آفس میں مسلسل تین گھنٹے طویل اجلاس میں اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری سطح پر کینسر کے دو ہسپتال آپریشنل کیے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے ملحقہ اراضی پر فی الفور سرائے کی تعمیر شروع کی جائے۔ ادھر پارکنگ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے پلازہ و بلڈنگ مالکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت ایل ڈی اے اتھارٹی کے اجلاس میں پارکنگ قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈنگ مالکان کے خلاف سخت کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔ پارکنگ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ڈی سی پراپرٹی ریٹ کے 0.5 فیصد جرمانہ ہوگا۔ مقررہ مدت کے اندر پارکنگ نہ کھولنے والے بلڈنگ مالکان کو 10ہزار روپے فی کنال جرمانہ ہوگا۔ پارکنگ ایگریمنٹ کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ قواعد وضوابط میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور کی 32مقامات پر عارضی تجاوزات کے مستقل خاتم کیلئے کیمپ قائم کیا گیا۔ ٹیپا کے لیے پروموشن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل، پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لاہور گلوبل ویلج لیز پر دینے کی‘ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار میں واقع غیر قانونی طورپر زمین کے کمرشل استعمال پر جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ لاہور کی 9سڑکوں کی کمرشلائزیشن کے لئے کنسلٹنٹ سروسز حاصل کرنے، اجلاس میں ٹرانسپورٹیشن زون میں پٹرول پمپ، فریٹ ٹرمینل کی اجازت کے لئے ایل ڈی اے یوز رول 2020میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر یو اے ای کی جانب سے جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری کے علاقے گلاب والہ میں بنایا گیا ہسپتال پنجاب حکومت کے سپرد کرنے کے حوالے سے یو اے ای اور محکمہ صحت پنجاب کے درمیان معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔ یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم اور صوبائی سیکرٹری صحت علی جان نے گائنی ہسپتال کو یو اے ای سے پنجاب حکومت کے سپردکرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے۔ ہسپتال کی عمارت متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بنائی تاہم معاہدے کے تحت یہ عمارت محکمہ صحت پنجاب حکومت کے سپرد کردی گئی ہے اور ہسپتال کو پنجاب حکومت چلائے گی۔ یو اے ای کے سفیر نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے یو اے ای کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعوت قبول کر لی۔ امارات کے سفیر نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ محسن نقوی انتہائی فعال طریقے سے کام اور انتھک محنت سے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔
محسن نقوی

ای پیپر-دی نیشن