پاکستان کے مجرم مراد سعید‘ تحریک انصاف ہے‘ قرضوں سے نجات چاہتے ہیں: پرویز خٹک
لوئر دیر (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ روایتی سیاستدانوں نے ملک کو تباہ، ہمیں بیروزگار اور قرض دار بنا دیا۔ سابق صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈووکیٹ نے پیپلز پارٹی سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم قرضوں سے نجات چاہتے ہیں، دنیا ترقی کر گئی اور ہمارا برا حال کیا گیا، ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں، اگر عوام ملک کو تباہ ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں تو ان لوگوں کو منتخب کریں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ ایوب خان کے دور تک ملک ترقی کر رہا تھا، اب یہ مداری آ گئے اور ملک کا یہ حال کر دیا، ہم تباہی کی جانب جا رہے ہیں، شرائط پر قرضے لیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں آج کارخانے لگ رہے ہیں، ایک خاتون نے بنگلہ دیش کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا۔ پاکستان کے مجرم مراد سعید اور تحریک انصاف ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ، بی آر ٹی اور موٹروے منصوبوں کو میں نے صوبے کے وسائل سے شروع کیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف کہتے تھے کہ میں اقتدار میں آیا تو یہاں باہر سے لوگ مزدوری کرنے آئیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی ایک فرعون ہے، ممبران سے نفرت کرتے تھے۔