محسن نقوی کا داتا دربار ہسپتال، شیرکوٹ تھانے کا دورہ، ایم ایس فارغ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اٹک، میانوالی، جھنگ، منڈی بہاو¿الدین اور بھکر میں ایف سی پی ایس ٹریننگ شروع کرانے کا اعلان کیا اور مزید پانچ ضلعی ہسپتالوں میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کے لے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ یہ ملک کہیں نہیں جا رہا، پاکستان جلد ٹیک آف کرتا نظر آئے گا۔ مایوسی گناہ ہے، اکانومی سے متعلق بڑی اچھی خبریں آ رہی ہیں۔ نہ خود مایوس ہوں اور نہ دوسروں کو کریں، ہمیشہ پرامید رہیں۔ انتہائی نگہداشت کے ڈاکٹرز فوری بھرتی کرنے کے لئے احکاما ت دیئے۔ ایمرجنسی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ تما م بڑے ہسپتالوں میں ہونا چاہیے۔ کوشش ہے ہر ہسپتال میں کریٹیکل کیئر کا شعبہ ہو، انشاءاللہ چند ہسپتالوں میں شروع کروا کر جائیں گے۔ نئے ہسپتال بنا دیئے جاتے تھے اور پرانے ہسپتالوں کی حالت بد سے بدتر ہو جاتی ہے۔ میو، نشتر، ہولی فیملی اس کی مثال ہیں۔ بعض ہسپتالوں کی حالت اتنی خستہ تھی بندہ پریشان ہو جاتا ہے۔ مریض کا علاج کیسے کریں گے۔ نئے ہسپتال بنانے کی بجائے موجود ہسپتالوں کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم شعبہ صحت پر 100 ارب روپے لگا رہے ہیں۔ ہسپتال ٹھیک ہو جائیں گے لیکن چلانا پھر بھی ڈاکٹروں نے ہے۔ ہم لوگ چلے جائیں گے، ہسپتال یہی رہیں گے اور آپ لوگ موجود رہیں گے۔ اگر ڈاکٹرز ہسپتال کی اونر شپ لے لیں تو ہسپتال بھی ٹھیک ہو جائیں گے اور شعبہ صحت بھی بہتر ہو گا۔ ڈاکٹروں کی کمی نہیں، رزق حلال کے دو تقاضے ہیں کہ ناجائز پیسہ نہیں کمانا اور اپنی تنخواہ کو حلال کرنا ہے۔ کوئی اگر 6گھنٹے کی تنخواہ لے رہا ہے اور کام تین گھنٹے کر رہا ہے تو یہ رزق حلال کمانا نہیں ہے۔ کچھ ڈاکٹرز اپنے ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر کام کرتے ہیں اور کچھ ڈیوٹی کا ٹائم پورا نہیں کرتے۔ محسن نقوی نے کابینہ کے ساتھ داتا دربار آئی ہسپتال کا اچانک تفصیلی دورہ کیا۔ داتا دربار آئی ہسپتال میں ایم ایس، ڈاکٹرز،گیٹ پر گارڈ غائب تھا۔ وارڈ میں نرسیں سو رہی تھیں جبکہ حاضری رجسٹر میں سب حاضر تھے لیکن عملی طور پر ہسپتال خالی تھا۔گائنی وارڈ اور آئی وار ڈ میں صفائی کا ناقص انتظام تھا اور بیڈ شیٹس گندی تھیں۔ ہسپتال کی حالت زار دیکھ کر شدید برہم اورایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا اور گائنی وارڈ میں ڈیوٹی سے غیر حاضر ڈاکٹر کا کنٹریکٹ ختم کرنے کاحکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا ہسپتال کا انتظام محکمہ اوقاف سے واپس لیکر فوری طور پر محکمہ پرائمری ہیلتھ کے سپرد کرنے کاحکم بھی دیا۔ اہل علاقہ بھی وزیراعلیٰ محسن نقوی کی آمد کے بعد ہسپتال پہنچ گئے اور وزیراعلیٰ کے سامنے ہسپتال میں طبی سہولتوں کے فقدان اورڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ محسن نقوی نے کابینہ کے ساتھ بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کابغیر اطلاع دورہ کیا۔بابو صابو سے سگیاں تک پراجیکٹ پر کام کرنے والی شفٹ غائب تھی، محسن نقوی نے اظہار برہمی کیا اور ڈی جی ایل ڈی اے سے ناراضگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چیف انجینئر اور بابو صابو سے سگیاں تک کام کرنے والی کمپنی کو وارننگ دی۔ علاوہ ازیں محسن نقوی علی الصبح تھانہ شیرا کوٹ پہنچ گئے۔ تھانے میں فرنٹ ڈیسک کا عملہ غائب جبکہ کمپیوٹر اورانٹرنیٹ بھی بند تھا۔تھانے کا معائنہ کرتے ہوئے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے متعدد نوجوان کوحوالات میں بند دیکھ کر وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا نوجوانوں نے بتایا کہ ہم بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلارہے تھے،پولیس نے گرفتار کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے 11نوجوانوں کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے اور لرنر لائسنس بنوانے کی یقین دہانی پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے تھانے کا انٹر نیٹ منقطع ہونے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشن کو فون کیا اورفرنٹ ڈیسک کیلئے متبادل ڈیوائس لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں موجود بزرگ خاتون حنیفاں بی بی کا مسئلہ سنا اوربزرگ خاتون کے بیٹے کی بازیابی کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کیں۔ پنجاب بھر میں 25 لاکھ پرائیویٹ کیمروں کی میپنگ پراجیکٹ محسن نقوی نے باقاعدہ افتتاح کیا ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور کرائم کنٹرول کیلئے لاہور میں 4 لاکھ پرائیویٹ کیمروں کی میپنگ بھی مکمل ہو گئی۔