• news

کالام/ اسلام آباد: بسیں کھائی میں گر گئیں، ٹیچر، 3 سیاح جاں بحق، طلبا سمیت 40 افراد زخمی

پشاور‘ اسلام آباد، فیروزوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) سوات کی وادی کالام میں سیاحوں کی وین کھائی میں گرنے سے 3 سیاح جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کالام میں پشمال کے مقام پر سیاحوں کی وین کو حادثے میں 20 افراد زخمی ہوئے۔ مقامی افراد اور پولیس نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو کالام ہسپتال منتقل کر دیا۔ زخمیوں میں 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیاحوں کا تعلق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے بتایا جا رہا ہے جو سیر کے لیے آئے تھے کہ واپسی پر حادثے کا شکار ہوئے۔ نگراں وزیراعلیٰ خیبرپی کے نے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شاہدرہ پکنک کے قریب سکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے ایک ٹیچر جاں بحق جبکہ 20 بچے اور دو اساتذہ زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق شاہدرہ پکنک پوائنٹ کے قریب سکول کے بچوں کی گاڑی کھائی میں جاگری جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس کے مطابق حادثے میں ایک ٹیچر جاں بحق جب کہ20 بچے اور دو ٹیچر زخمی ہوگئے جنہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، شیخوپورہ میں واقع مقامی اوریگن سکول کے بچے سیر و تفریح کے لیے اسلام آباد آئے ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق لڑکی کی شناخت ہانیہ کے نام سے کرلی گئی۔ اس کی عمر 22 سال ہے، پولی کلینک لائے گئے زخمیوں میں دو بچیاں اور تین بچے شامل ہیں۔ زخمی بچوں کی عمریں 9 سے 12 سال تک ہیں، بارہ سالہ بچے مہصم کی حالت تشویش ناک ہے جسے بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، 12 سالہ زخمی مہصم کی کمر کی ہڈی ٹوٹی ہے۔ چند زخمیوں کی شناخت کرلی گئی جس میں 9 سالہ حریت فاطمہ، 12 سالہ نور فاطمہ، 9 سالہ ابوبکر، 12 سالہ فیضان جمیل بھی شامل ہیں۔تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے شاہدرہ حادثہ کے بس ڈرائیور ملزم ریاض کو گرفتار کرلیا ڈرائیور کو تھانے منتقل کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی کھائی میں گاڑی گرنے کے بعد ملزم ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھاجسے پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شناخت کرکے گرفتار کرلیا۔شاہدرہ بس میں حادثے کے وقت 13 سکول ٹیچر ،19 بچے اور 22 بچیاں سوار تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن