کراچی: شاپنگ مال میں آتشزدگی، 11افراد جاں بحق، درجنوں دکانیں جل کر خاکستر
کراچی(نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) راشد منہاس روڈ پر قائم شاپنگ سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔جناح ہسپتال کے حکام کے مطابق 9 میتوں کو جناح ہسپتال جب کہ ایک سول اور ایک کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ حادثات جناح ہسپتال کابتانا ہے کہ جاں بحق اورزخمی ہونے والے تمام مرد ہی ہیں جن کی عمریں 22 سے 43 سال تک ہیں۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئی ہیں جب کہ کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دم گھٹنے کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 گاڑیاں، 2 اسنارکل اور تقریباً 50 فائر فائٹر کی مدد سے آگ بجھانے میں مصروف تھے جب کہ اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔فائر ریسکیو کمانڈر ہمایوں خان کا بتانا ہے کہ عمارت میں آگ ممکنہ طورپر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، شاپنگ سینٹر میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا، سینٹرلی ائیرکنڈیشنڈ ہونے کے باعث ہوا کے اخراج کا راستہ نہیں تھا۔فائر ریسکیو کمانڈر کا بتانا ہے کہ شاپنگ سینٹر میں کال سینٹر 24 گھنٹے کام کرتے ہیں،50 افراد کو ریسکیو کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے شہریوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ واقعے کی فوری تحقیقات کرائی جائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔