پاکستان‘ سعودی عرب کی فٹبال فیڈریشنز میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سعودی عرب کی فٹبال فیڈریشنز میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے،پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور سعودی فیڈریشن کے صدر یاسر المسحیال نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر ساف کے جنرل سیکرٹری ابراہیم القسیمی اور این سی کے رکن سعود ہاشمی بھی موجود تھے۔ آئندہ سال کے کیلنڈر میں پاکستان اور سعودی عرب کی قومی،یوتھ اورویمنز ٹیموں کی مشترکہ سرگرمیاں شامل ہوں گی،فٹبال سے متعلقہ ٹیکنالوجی ،سپورٹس سائنس، ریفریز اور مارکیٹنگ سمیت مختلف معاملات امور میں معاونت کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ این سی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ ایم اویو اور پاکستان فٹبال کی سپورٹ کرنے پر سعودی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں،معاہدے کی صورت میں ایک اہم سنگ میل عبور ہوا ہے،پاکستان فٹبال کے روشن مستقبل کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔سعود ہاشمی نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان فٹبال کے سسٹم اور انفرا سٹرکچر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔آنے والے کئی برسوں میں اس کے ثمرات حاصل ہوتے رہیں گے۔