تربیتی کیمپ: پریکٹس میچ، بیٹرز کے 298رنز، بابراعظم کی نصف ، شان مسعود کی سنچری
لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ جاری ہے، 2روزہ پریکٹس میچ کے پہلے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، پہلے روز پاکستانی بیٹرز نے 298 رنز بنائے ہیں۔صائم ایوب 35، عبداللہ شفیق 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شان مسعود 101، بابر اعظم نے 71 رنز کی اننگز کھیلی اورریٹائرڈ آئوٹ ہوئے۔سعود شکیل 44، سرفراز احمد 19 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، خرم شہزاد اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کررکھی ہے۔ باؤلرز نے 63 اوورز کرائے۔ پریکٹس میچ کے دوران رضوان نے کسی بات پر بابر کو کچھ کہا تو مذاق میں انہیں مارنے کیلئے بلا لے کر بھاگے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔فاسٹ بائولر محمد وسیم جونیئر نے تربیتی کیمپ جوائن کر لیا۔ سابق کپتان بابر اعظم نے کہا کہ نئے کپتان شان مسعود کے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ صلاحیتیں دکھائیں۔ جو نئے کھلاڑی آئے ہیں ان کیلئے سنہری موقع ہے۔ ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا جیسے دورے ریگولر طور پر کرنے کی ضرورت ہے، بائی لیٹرل سیریز زیادہ سے زیادہ ہونی چاہئیں۔ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو بھی چاہیے کہ وہ بھی پاکستان آئیں۔ بابراعظم نے کیمپ میں شریک نئے کھلاڑیوں پر بھی زور دیا کہ وہ دورہ آسٹریلیا کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں جگہ پکی کریں۔ پاکستان اور آسٹریلیا پرائم منسٹر الیون کے درمیان پریکٹس میچ6 دسمبر سے مانوکا اوول میں شروع ہوگا۔