ووٹر لسٹوں کی چھپائی مکمل، تصاویر والی لسٹ صرف عملے کو ملے گی، الیکشن کمشن
اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2کروڑ 20 لاکھ اضافے سے 12کروڑ 75 لاکھ سے زائد ہو گئی۔ملک میں عام انتخابات کا اہم مرحلہ طے ہوگیا ہے ، الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرمیں ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 75 لاکھ سے زائد ہوگئی ہر ضلع کی نشستوں کے حساب سے ووٹر لسٹیں ترتیب دی جارہی ہیں ، بغیرتصویر کی لسٹیں دسمبر کے پہلے ہفتے میں آر اوز کو بھیجی جائیں گی جو کہ کاغذات نامزدگی کے اجرا اور جانچ پڑتال میں استعمال ہوں گی۔انتخابی مہم کیلئے امیدواروں کو بھی بغیر تصویر والی ووٹر لسٹیں ملیں گی ، تصاویر والی ووٹر لسٹیں صرف انتخابی عملے کو مہیا کی جائیں گی اور جنوری میں آر اوز کو بھیجی جائیں گی۔