پٹری عبور کرتے ‘ٹریفک حادثات‘ خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق
لاہور(نامہ نگار)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ نواں کوٹ کے علاقے میں بند روڈ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے دو بچوں کی ماں 28 سالہ رابعہ کو کچل ڈالا‘جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔نشتر کالونی کے علاقے بیدیاں روڈ رنگ روڈ کے قریب تیز گاڑی کی ٹکر سے 30 سالہ نوجوان ارشد مسیح جاں بحق ہو گیاہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تینوں نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ مغلپورہ کے علاقے میں پرندہ مارکیٹ کے قریب ریلوے پٹری عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر 25 سالہ نوجوان جبکہ نصیر اباد کے علاقے میں سیون پھاٹک کے قریب ٹرین کی زد میں آ کر 60 سالہ نامعلوم شہری جاں بحق ہو گیاہے۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں لانعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیاہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔