عارف چودھری سیکرٹری ایلومنائی ایسوسی ایشن گورنمنٹ کالج ساہیوال نامزد
لاہور(کلچرل رپورٹر) گورنمنٹ کالج ساہیوال ایلومنائی ایسوسی ایشن کی گورننگ باڈی نے گذشتہ روز اپنی آن لائن میٹنگ میں اتفاق رائے سے معروف قانون دان عارف چودھری کو ایلومنائی کے سیکرٹری جنرل کے منصب پر نامزد کر دیا۔ اس سے قبل وہ ایلومنائی کے نائب صدر کے منصب پر فائز تھے۔ ایومنائی کے صدر عاطف محمود کی زیر صدارت منعقد ہونےوالے اس اجلاس میں ایلومنائی کے سینئر نائب صدر معروف صحافی سعید آسی نے ایلومنائی کو مزید فعال بنانے کیلئے عارف چودھری کو سیکرٹری جنرل کے منصب پر فائز کرنے کی تجویز پیش کی جو منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں ایلومنائی کی سالانہ عشائیہ تقریب 2 مارچ 2024ءکو منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جو جی سی ساہیوال کے لان میں سہ پہر 3 بجے شروع ہوگی۔ اس میں ایلومنائی کے ممبران سالانہ کنٹری بیوشن کی بنیاد پر شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ایلومنائی کے صدر عاطف محمود کی جانب سے ایلومنائی کے عہدےداروں اور کالج کی دوسری چیدہ چیدہ شخصیات کے کیے گئے انٹرویوز کو کتابی شکل میں شائع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ یہ کتاب سالانہ عشائیہ کے موقع پر تقریب کے شرکاءکو پیش کی جائے گی۔