• news

دشمنوں کی سازشیں ناکام بنائیںگے‘ فلسطینیوں کی مدد ہر مسلمان پر فرض: وزیر مذہبی امور

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس علماءپاکستان /انٹر فیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین مرکزی رو¿یت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور /چیئرمین مجلس علماءپاکستان سفیر امن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پاکستان انیق احمد جبکہ مہمان خاص وفاقی وزیر انسانی حقوق پاکستان خلیل جارج تھے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام، مذہبی راہنما وسماجی شخصیات نے شرکت و خطاب کیا جن میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن، سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، لیاقت بلوچ، چیئرمین متحدہ علماءبورڈ پنجاب ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سہیل وڑائچ، علامہ زبیر احمد ظہیر و دیگر حضرات موجود تھے۔ کانفرنس سے وزیر مذہبی امور انیق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان جن چیلنجز سے گزرہا ہے ملک دشمن طاقتوں کی تمام سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے۔ ہم پاکستان کی سلامتی وتحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آج پوری امت مسلمہ فلسطین وغزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ غزہ کے مسلمانوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض عین ہے۔ کانفرنس سے سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علماءکرام اور عوام متحد ہوکر دشمنان پاکستان کے عزائم خاک میں ملا دیںگے۔ آج ملک پاکستان کو اتحاد وحدت کی اشد ضرورت ہے۔ افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے تمام ادارے ملک و قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔ افواج پاکستان ہمارا فخر ہے۔ آج پوری قوم اپنے سپہ سالار آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر انسانی حقوق خلیل جارج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے، پاکستان کی حفاظت کیلئے ہم سب ایک ہیں، پاکستان تمام اقلیتوں کیلئے جنت نظیر خطہ ہے۔ کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قیام امن کیلئے تمام طبقات کو ملکر آگے بڑھنا ہو گا، ہم سب کی ذمہ داری ہے ہمیں اپنے درمیان نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا اور نفرتوں کے بیج بونے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن