• news

اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود پر مشتمل ہیں،پیرنقیب الرحمن

راولپنڈی ( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ خانقاہی نظام کا یہ خاصا رہا ہے کہ اس سے منسلک اور رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِ عشقِ مصطفی سے منور کر کے ایک ایسے مہذب اور اعلی اخلاق سے مزین معاشرے کو پروان چڑھایا جائے جہاں احترامِ آدمیت، حسنِ اخلاق، رواداری، اخوت و محبت اورایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے کے جذبات سے بھر پور انسانی کردار کی ایسی نشو نما کی جائے کہ حقیقی کامیابی بندگانِ خدا کا مقدر بن جائے۔ تمام فرامینِ الہی و نبوی اور اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کی فلاح و بہبود پر مشتمل ہیں۔ یہ زندگی اللہ تعالی نے ہمیں صرف اور صرف اس لئے دی ہے کہ ہم اس کی عبات و بندگی کر کے ربِ رحمن کی رضا کو پا لیں۔ ہمارے وجود کا ہر عضو اسی صورت ہمارے لئے باعثِ نجات ہو گا جب ہم اسے شریعتِ مطہرہ کے تابع استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں اتوارکے روز منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے امتِ مسلمہ اور وطنِ عزیز کی سلامتی،خوشحالی،ترقی، مسلمانوں کے آپس میں باہم اتحاد و اتفاق، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اورفلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن