• news

وزارت عظمیٰ کا نہیں وزارت اعلیٰ کا امیدوار ہوں: پرویز خٹک

پشاور‘ نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ میں وزارت عظمیٰ نہیں وزارت اعلیٰ کا امیدوار ہوں۔ خیبر پی کے میں مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کا اتحاد بنتا نظر آ رہا ہے۔ کسی پارٹی کے پاس ملکی ترقی کا پلان نہیں ملک کیلئے مخلص وزیراعظم آنا چاہئے۔ آزمائے ہوئے لوگوں کو لایا گیا تو ملک 100 سال بھی ترقی نہیں کر سکے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کی دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات چل رہی ہے۔ اس ملک کی بڑی بیماری قرضہ ہے دنیا آگے نکل گئی ہم پیچھے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری اور ناانصافی ہے، اس کے خلاف نکلا ہوں۔ محمد بشیر کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، محمد بشیر سے پرانا تعلق ہے اور عرصے سے اکٹھے چل رہے ہیں۔ ملک میں 75سال سے حکومتیں رہیں، ہم نے کیوں ترقی نہیں کی؟ کیوں ہمیں انصاف نہیں ملا؟ کیوں بیروزگاری ہورہی ہے؟۔ ان لوگوں کو ہم بار بار آزما چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن