شادی تقریبات میں فائرنگ‘ کنگن پور میں 3 بچے زخمی‘ کامونکی سے 8 ملزم گرفتار
قصور‘ کامونکی (نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) کنگن پور کے علاقہ ڈھڈے میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آ کر دس سالہ محمد احمد سمیت تین بچے زخمی ہو گئے۔ بچوں کو طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس اطلاع پا کر موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ علاوہ ازیں ایمن آباد پولیس نے موڑ ایمن آباد نجی میرج ہال میں شادی کی تقریب میں ملزم اکرام ظفر، شکیل، احمد نواز ساکنان نوشہرہ ورکاں،محمد غوث میانوالی، قدیر،حلیم اختر،فیصل حیات اور جاوید ساکنان مرالی والا کو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔