• news

مجلس وحدت مسلمین کا غزہ مارچ‘ 2 ریاستی حل نہیں مانتے: راجہ ناصر

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آزادی فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب بے نقاب اور ان کی نام نہاد جمہوریت اور امن پسندی ننگی ہوگئی۔ غزہ کے شہداءنے بھیڑیے اور خونخوار درندوں کی پوری دنیا کو شناخت کرادی۔ سامراج اور اس کے غلام بے نقاب ہوچکے۔ 45ملکوں کی فوج فلسطینیوں کی حمایت کے لئے کیوں آگے نہیں بڑھ رہی؟۔ جن اسلامی ملکوں نے فلسطینیوں کے حق اور اسرائیل کی مذمت کیلئے لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دیا وہ شرم کریں۔ مجلس وحدت مسلمین کی طرف پنجاب اسمبلی سے امریکن قونصلیٹ تک آزادی غزہ مارچ کیا گیا۔ مارچ میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، سربراہ متحدہ جمعیت اہلحدیث علامہ ضیاءاللہ شاہ بخاری، صدر آئی ایس او حسن عارف، سربراہ جماعت اہل حرم مفتی گلزار احمد نعیمی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کی سرکردہ شخصیات نے خطاب کیا۔ راجہ ناصر عباس‘ غزہ کی سرزمین کے مظلوم اہل سنت ہیں لیکن ہم ان کے ساتھ ہیں۔ وہ ہمارے بھائی ہیں کیونکہ ہم ہر مظلوم کے ساتھی ہیں۔ قابض اسرائیل فرعون کی نسل ہے۔ امریکہ، یورپ سمیت دنیا بھر سے لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا فلسطینیوں کی جیت ہے۔ ان نہتے فلسطینیوں نے اپنی جنگ جیت لی۔ اسرائیل سے ڈرنے والو دیکھ لو فلسطینیوں نے اس کے خواب چکنا چور کردیئے ہیں۔ کہاں گیا گریٹر اسرائیل؟۔ اس جنگ نے اسرائیل کا مکروہ چہرہ ننگا کردیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جفری نے کہا کہ ہم آنے والے انتخابات میں اسرائیلیوں کے حامیوں کو شکست دے کر انتقام لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل پیش کرنے والے کون ہوتے ہیں؟ اِس کو نہ ہم مرتے دم تک تسلیم کریں گے اور نہ ہی فلسطینی تسلیم کرتے ہیں۔ ارض مقدس پر یہودیوں کے ناپاک پیر توڑ دیں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سربراہوں نے ہمیں مایوس کیا۔ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، دنیا پر تیسری عالمی جنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں اور یہ صورتحال ایٹمی جنگ کی طرف جا سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن