مہنگائی پہلا‘ بیروزگاری دوسرا بڑا مسئلہ قرار: سروے رپورٹ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مہنگائی کو ملک کا اہم ترین مسئلہ کہنے والے پاکستانیوں کی شرح میں 5 فیصد کمی سامنے آ گئی۔ اپسوس پاکستان نے عوام کی آراءپر مبنی نیا سروے جاری کر دیا۔ مہنگائی سے متعلق اس اہم تبدیلی کے باوجود پاکستانیوں کی نگاہ میں یہ اب بھی مسائل میں سرفہرست ہے۔ مہنگائی پر 53 فیصد پاکستانیوں نے شدید پریشانی کا اظہار کیا جبکہ 20 فیصد نے بیروزگاری کو دوسرا بڑا مسئلہ بتایا۔ سروے کے مطابق بیروزگاری کو بڑا مسئلہ سمجھنے والوں میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ غربت پر 5 فیصد پاکستانیوں کی تشویش برقرار ہے۔ نئے سروے میں بجلی کے نرخوں میں اضافے پر پریشانی کا اظہار کرنے والے پاکستانیوں کی شرح میں 9 فیصد کمی رونما ہوئی ہے جو گزشتہ سروے میں 13 فیصد تھی اور اب صرف 4 فیصد پر ہے۔