• news

بجلی چوری: لیسکو کے 8 اہلکار گرفتار، 50 معطل ہو چکے، گیپکو ریجن سے 75 گرفتار

گوجرانوالہ‘ کامونکی‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + این این آئی+ نیٹ نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق بجلی چوری میں ملوث لیسکو افسروں و اہلکاروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 8 اہلکار گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ 50 معطل ہیں۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے آٹھوں اہلکاروں کا تعلق لیسکو کے ایسٹرن سرکل سے ہے۔ نارتھ سرکل کے 8، سینٹرل سرکل کے 7، ایسٹرن سرکل کے 9 اور اوکاڑہ سرکل کے 2 اہلکار معطل ہیں۔ ساو¿تھ سرکل کے 4، شیخوپورہ سرکل کے 2، قصور سرکل کے 9 اور ننکانہ سرکل کے 9 اہلکار معطل ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا انسداد بجلی چوری مہم کے دوران متعدد اہلکاروں کو نوکری سے برخاست بھی کیا گیا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران333 بجلی چور پکڑے گئے۔ علاوہ ازیں سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 67 گیس کنکشنزمنقطع کردئیے گئے، 145 انڈر بلنگ کیسز اندراج /پروسیس کردئیے گئے جبکہ31لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ سوئی ناردرن گیس نے لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 24 گھریلو کنکشنز منقطع کیے اور 3 ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ شیخوپورہ 17 اور گجرات میں ایک کنکشن کاٹا گیا‘ لاکھوں جرمانے کر دیئے گئے۔ گیپکو میں انسداد بجلی چوری مہم چھٹی کے روز بھی جاری رہی، مزید 75بجلی چورپکڑے گئے، بجلی چوروں کو 46لاکھ 18ہزار سے زائد کے جرمانے، پکڑے جانے والوں کی کُل تعداد 3288ہو گئی، 3209کے خلاف مقدمات درج، 2292گرفتار کر لئے گئے۔ واہنڈو کے علاقہ چنڈالی کے رہائشی شہباز کو واپڈا کی مین کیبل سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے پر اور تھانہ صدر کے علاقہ قیام پور کے بلال کو واپڈا کی مین کیبل سے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے مقدمات درج کر لیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن