لندن: شہزاد اکبر پر نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک دیا، زخمی، بیوی بچے محفوظ رہے
لندن (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ ان پر لندن میں تیزاب کا حملہ کیاگیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔ ویب سائٹ’ایکس‘ پر بیان میں، مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ کل شام انگلینڈ میں مجھ پر حملہ کیا گیا۔ نامعلوم حملہ آور نے میرے اوپر تیزابی محلول پھینکا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ انگلینڈ میں میری رہائش گاہ پر کیاگیا جہاں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہوں، شکر ہے میری اہلیہ اور بچوں کو نقصان نہیں پہنچا، میں زخمی ہوا ہوں تاہم زخم جان لیوا نہیں ہیں۔ پولیس اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر پہنچ گئیں اور اب گھر کی حفاظت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ میرا حوصلہ اور عزم برقرار ہے اور رہے گا اور ظالم اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور جلد بے نقاب بھی ہوں گے۔ یاد رہے کہ شہزاد اکبر کو پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد متعدد مقدمات کا سامنا تھا لیکن وہ رواں سال کے اوائل میں ملک چھوڑ کر انگلینڈ منتقل ہوگئے تھے۔ لندن منتقلی سے متعلق جولائی میں ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں بھگوڑا نہیں ہوں، ہر سوال کا جواب دوں گا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون برائے احتساب شہزاد اکبر سے 7 نومبر کو حکومت نے اس معاہدے کے بارے میں دستاویزات طلب کی تھیں جن میں درج خفیہ تصفیے کے تحت برطانیہ سے تقریباً14 کروڑ پاؤنڈز اور 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی منتقلی ہوئی۔