• news

بنوں، فوجی قافلے پرخودکش حملہ کرنے والا افغان نکلا، 2 شہری شہید، 3 اہلکاروں سمیت 6 زخمی

اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملہ کرنے والا افغان شہری نکلا۔ خود کش حملے میں 2 افراد شہید اور 3 اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بکا خیل میں گزشتہ روز موٹرسائیکل سوار خود کش حملہ آور نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرتے ہوئے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔ خودکش حملہ آور کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی جس کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔ خود کش حملے میں دو معصوم شہری شہید ہوئے اور تین فوجیوں سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ علاقے میں موجود کسی اور دہشتگرد کو ختم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے خودکش حملے میں دو شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداءکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملے کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پاکستانی عوام اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بنوں میں خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداءکو خراج عقیدت پیش اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا قومی نصب العین ہے‘ دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان اور شہریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو‘ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بنوں میں دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں سابق صدر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ آصف زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

ای پیپر-دی نیشن