جنرل عاصم سے کمانڈر سعودی لینڈ فورسز کی ملاقات، دفاعی تعاون، دیگر امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبدالعزیز المتائر نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول سلامتی اور دفاع کے شعبے میں تعاون سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں معزز مہمان نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال کے تناظر میں فوجی تربیت کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مہمان شخصیت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لئے دی گئی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے مہمان شخصیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے تعلقات ہیں، پاکستان ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قبل ازیں مہمان شخصیت کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔