شہر لاہور میں صفائی کی ابتر صورتحال سموگ کی بنیادی وجہ ، عبدالعزیز عابد
لاہور (خصوصی نامہ نگار )شہر لاہور جو کہ پھولوں اور باغوں کا شہر کہلاتا تھا اب حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں گندہ ترین شہر بن چکا ہے۔ شہر میں ہر جانب کوڑا کچرا اور گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ کہیں نظر نہیں آتا۔ گندگی کی وجہ سے سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد نے صفائی کی ناقص صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ اقبال ٹاؤن سبزی منڈی ، مصطفیٰ ٹاؤن ، جوہر ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں جگہ جگہ کچرا کنڈیوں کا منظر نظر آ رہا ہے۔ جس کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں کیلئے ان علاقوں سے گزرنا محال ہو چکا ہے۔ نگران حکومت صرف فوٹو سیشن میں مصروف ہے۔ سموگ کا ڈھنڈورا پیٹا جارہا ہے مگر شہر میں جگہ جگہ تعمیراتی میٹریل سڑکوں پر پڑا ہے۔