مہنگائی برائیوں کی جڑ، ڈار، مرتضیٰ سولنگی نے گندم کے ذخائر پر بریفنگ دی
ایوان بالا کا اجلاس چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں بل پیش کئے جانے کے دوران اراکین کی نوک جھوک جاری رہی۔ سینیٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے پیش کی گئی سینٹ قوائد میں مفادات کے ٹکراو¿کی ترامیم مسترد ہونے پر سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی ایوان میں شدید احتجاج کیا جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین کی جانب سے بھی ان ترامیم کی مخالفت کی گئی۔ قائد ایوان اسحاق ڈار نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے روپے کی قدر میں کمی اور مہنگائی کو معاشی برائیوں کی جڑ قرار دے دیا جبکہ نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں انتظامی اقدامات کے باعث ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں بہتری آئی۔ سینیٹر عبدالغفور حیدر ی نے بلوچستان کے زمینداروں کے ساتھ ناانصافیوں کی نشاندہی کی، جس پر وزیر پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے ملک میں گندم کے ذخائر پر ایوان کو بریفنگ دی۔