آئی جی سے ڈاکٹر مدثر نواز کی وفد کے ہمراہ ملاقات ،ڈاکٹر ذیشان انور قتل پرگفتگو
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے چیئرمین ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر مدثر نواز کی قیادت میں ڈاکٹرز کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم اور دیگر سینئر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔وفد نے آئی جی پنجاب سے 2 ہفتے قبل گجرات میں قتل ہونےوالے ڈاکٹر ذیشان انور کی تفتیش کے حوالے سے گفتگو کی۔سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں، جیو فینسنگ اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے۔دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ رواں سال 15000 سے زائدپولیس افسران و اہلکاروں کو میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق محکمانہ ترقیاں دی گئیں ہیں۔ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پی ایچ پی سمیت دیگر فورسز کا پروموشن و سروس سٹرکچر بہتر کیا گیا۔ پاسبان منصوبے کی منظوری کے بعد 5000 مزید پروموشنز ہوں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ پولیس فورس اپنے اختیارات کو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، خدمت خلق کیلئے استعمال کرے۔ آئی جی پنجاب کی اے ایس آئی عہدے پر ترقی پانے والے اہلکاروں کو مزید تندہی سے فرائض ادائیگی کی ہدایت کی۔جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ڈاکٹر عثمان انور نے 6 ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے 12 لاکھ سے زائد مزید فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔