بابا گورنانک جنم دن تقریبات میں وفاقی ‘صوبائی وزرا کی شرکت
ننکانہ‘لاہور(نامہ نگار ‘خصوصی نامہ نگار ) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کے 554ویںجنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ایک مرکزی تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد ‘صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر ، صوبائی وزیراوقاف بیرسٹراظفر علی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم شکیل احمد،‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاالرحمٰن ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن رانا شاہد ، چیئرمین پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار امیر سنگھ ودیگرڈپٹی کمشنر ننکانہ چوہدری محمد ارشدودیگر ضلعی افسران سمی یوکے،آسٹریلیا،امریکہ،کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ہزاروں عقیدت مند ہندوئوں نے بھی شرکت کی جلوس کے آگے پانچ سکھ نیلے رنگ کے کپڑے پہن کر پیلے جھنڈے اٹھا کر چل رہے تھے جبکہ ان کے پیچھے پانچ پیارے ننگی تلواریں سونت کر چل رہے تھے اس موقع پر پھولوں سے لدی ہوئی ایک بس میں چاندی کی پالکی جس میں گورو گرنتھ رکھا ہواتھا جو جلوس کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہی تھی جلوس میں شامل نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے بینڈ باجے کی دھن پر بھنگڑا، لڈی ، کوبرا ڈانس ، بریک ڈانس اور مختلف ڈانس کے زاویے پیش کر کے اپنی بے پناہ خوشی کا اظہار کیاسکھ یاتری بار بار "جو بولے سونہال" "ست سری اکال "اور واہے گورو جی کا خالصہ ـ" "واہے گورو جی فتح " کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں یہاں پر مکمل محفوظ اور آزاد ہیںمنی پور میں 150 مسیحیوں او ر گورودوارہ گولڈن ٹیمپل میں سکھوں کے قتل عام کے واقعات ہندوستان کے چہرے پربدنما داغ ہیں بھارت میں اقلیتوں پر مظالم تاریخ کا حصہ ہیں سکھ یاتریوں کاانتظامات سے خوش ہونا ہمارے لئے باعث فخر ہے گوردواروں کی حفاظت اور مثالی تزین وآرائش ہماری ذمہ داری ہے۔