• news

ن لیگ‘ پی پی پی‘ پی ٹی آئی نے جھوٹے وعدے کئے‘ لوگ احتساب کریں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے جنوبی پنجاب سے بار بار منتخب ہونے والے جاگیرداروں، وڈیروں نے عوام کو ترقی، امن، خوشحالی سے محروم رکھا۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ، پی ٹی آئی نے ووٹرز سے جھوٹے وعدے کیے۔ اسٹیبلشمنٹ کو اپنا مخالف کہنے والے اب راگ الاپ رہے ہیں کہ ہماری اوپر بات ہوگئی ہے۔ امید رکھتا ہوں عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن اب کی بار غیر جانبدار رہیں گے۔ 8فروری کو عوام لٹیروں، ظالموں اور امریکا کے وفاداروں کا احتساب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب دو روزہ خوشحال پاکستان روڈ کارواں کے موقع پر راجن پور میں جلسہ عام اور دیگر مقامات پر استقبالیہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ روڈ کارواں کے دوسرے اور آخری روز ڈی جی خان سے آغاز پر عوام کی بڑی تعداد امیر جماعت کے ہمراہ تھی۔ روڈ کارواں کا کوٹ چھْتا، احمدانی، جامپور، محمد پور، فاضل پور میں بھرپور استقبال ہوا۔ امیر جماعت نے کوٹ مٹھن میں اختتامی جلسہ سے خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران صرف ووٹ کے لیے جنوبی پنجاب آتے ہیں، جماعت اسلامی نے ٹکٹس جائیدادیں نہیں، کردار اور اہلیت دیکھ کر تقسیم کی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں اسلامی نظام نافذ ہو، سود سے چھٹکارا ملے، کشمیر اور فلسطین آزاد ہوں، ڈاکٹر عافیہ واپس آئے اور عدل و انصاف پر مشتمل کرپشن فری پاکستان بنے، تو جماعت اسلامی ہی واحد آپشن ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ بزدل حکمرانوں نے اسرائیل کے ظلم کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں نے امریکا کے خوف سے کوئی جلسہ نہیں کیا، یہ آئندہ سو برس بھی اقتدار میں رہیں تو ملک ترقی نہیں کرے گا، عوام الیکشن میں ترازو پر مہر لگائیں۔ ترازو عدل و انصاف، امن، ترقی اور اسلامی پاکستان کی ضمانت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن