پاکستان سے مضبوط تعلقات چاہتے، معاشی ترقی، انفراسٹرکچر بہتری کیلئے تعاون کررہے ہیں: امریکی سفیر
پشاور+اسلام آباد (نیٹ نیوز+خبر نگار خصوصی) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ مستقبل میں معاشی ترقی میں بہتری کے لیے پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ان خیالات کا اظہار واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور میں 44 ملین ڈالر سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے پراجیکٹ کی تقریب میں شرکت کے موقع میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان نے سالہا سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کی ہے۔ سماجی سطح پر عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے 45 ملین ڈالر کافی رقم ہے۔ خیبر پی کے میں ہزاروں کلو میٹر پر مشتمل شاہراہوں کا جال بچھایا گیا ہے۔ سکولوں کی تعمیر و مرمت یقینی بنائی گئی ہے۔ طب کے شعبے سے وابستہ افراد کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ تعلیمی اداروں اور صحت مراکز کی تعمیر کے سلسلے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔ یو ایس ایڈ بنیادی صحت، خواتین کی تعلیم اور معاشی بہتری میں بھی تعاون کرے گا۔ انہوں نے یہ بات واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور میں 44 ملین ڈالر سے زائد کی لاگت سے مکمل ہونے والے پراجیکٹ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ میونسپل سروسز پروگرام کا یہ منصوبہ 12 سال میں مکمل کیا گیا۔ 4 لاکھ 48 ہزار افراد پینے کے پانی کی سہولتوں کی بحالی سے مستفید ہوئے۔ جبکہ سیوریج اور ڈرینج لائنز کی بحالی سے10 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ میونسپل ویسٹ منیجمنٹ کی بہتری کے لیے 575 گاڑیاں بھی فراہم کی گئیں اور ویسٹ منیجمنٹ آلات کی مرمت کے لئے ورکشاپ بھی بنائی گئی۔ میونسپل سروسز پروگرام سے پشاور کے 20 لاکھ افراد کی زندگی بہتر ہوئی۔ اربن فلڈنگ کے خدشات کو کم کیا گیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں قدرتی اور دیگر آفات سے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی میں تعاون کیا جائے گا۔اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق امریکی سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق چار کروڑ چھیالیس لاکھ ڈالر کی لاگت سے بارہ سال کے عرصہ میں مکمل ہونے والے اس منصوبہ سے خیبر پی کے کے لاکھوں شہریوں کو پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی تک محفوظ، قابل اعتماد اور بہتر رسائی میسر ہوئی ہے۔ منصوبہ کے ثمرات میں پینے کے صاف پانی کی ایک سو چالیس سہولیات کی بحالی شامل ہے جن سے چار لاکھ اڑتالیس ہزار لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں21 یونین کونسلوں میں پانی کی25 ہزار7 سو پرانی اور زنگ آلود لائنوں کی تبدیلی سے بھی صاف پانی کی قابل اعتماد ترسیل یقینی بنائی جا چکی ہے۔ سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شہری خدمات کے اس منصوبے سے پشاور کے شہری علاقوں میں لگ بھگ انیس لاکھ شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جن میں صفائی کی صورتحال میں بہتری، شہری علاقوں میں سیلاب کے امکانات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کی بہتر کوششیں شامل ہیں۔