بنگلادیش میں عام انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کریک ڈائون جاری
نیو یارک(آئی این پی)مختلف ممالک میں انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی این جی او ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو)کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں 7جنوری 2024کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے خلاف بدترین کریک ڈائون کیا جا رہا ہے،ہیومن رائٹس واچ کے مطابق بنگلادیشی حکام اپوزیشن کو کچلنے اور مقابلہ روکنے کیلئے گرفتاریاں کر رہے ہیں، بنگلادیش میں انتخابات سے پہلے ہونے والے کریک ڈائون کے دوران اب تک 10ہزار سیاسی کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے،ایچ آر ڈبلیو کا کہنا ہے کہ بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے مطابق اس کے 50لاکھ اراکین میں سے آدھے پر مقدمات ہیں جبکہ بنگلا دیش کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے دوگنا ہو گئی ہے، بنگلادیشی سکیورٹی فورسز بڑے پیمانے پر من مانی گرفتاریاں کر رہی ہیں،ہیومن رائٹس واچ کی عہدیدار جولیا بلیکنر نے بنگلادیشی سکیورٹی فورسز کو جبری گمشدگیوں، تشدد اور ماورائے عدالت قتل کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حالات میں بنگلادیش میں قابل اعتماد انتخابات نہیں کروائے جا سکتے، آزادانہ انتخابات اس وقت ناممکن ہیں جب حکومت آزادانہ اظہار رائے کو روک دے۔