• news

سٹاک مارکیٹ 60700 کی بلند ترین سطح پر، ڈالر سستا، سونا 800 روپے تولہ مہنگا 

کراچی (کامرس رپورٹر) آئی ایم ایف پروگرام کے تحت دوسری قسط وصول ہونے کی توقعات، شرح سود میں کمی اور بہتر سیاسی صورتحال جیسی مثبت خبروں پر پاکستان سٹاک ایکس چینج نے منگل کو بلندیوں کی ایک اور نئی حد کو چھو لیا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 918.92 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 60700 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بھی بند ہوا، کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 98 ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 87 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اور 45.15 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ اسی طرح 379.10 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 19860.54پوائنٹس سے بڑھ کر 20239.64 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 39947.09 پوائنٹس سے برھ کر 60730.26 پوائنٹس پر بند ہوا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹربنک میں 12پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 285.52 روپے رہ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 287روپے پر برقرار رہی۔ دوسری طرف 800روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونا 2 لاکھ 18 ہزار 400 روپے کا ہوگیا۔ دس گرام سونا 686 روپے اضافے سے ایک لاکھ 87 ہزار 243 روپے کا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن