خودکش حملہ، افغان سفارتکار سے احتجاج، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ختم، گل بہادر کو حوالے کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کے نمائندے کو وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے 26 نومبر کو ضلع بنوں میں ایک افغان شہری کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی۔ ذرائع کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی حافظ گل بہادر گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغان نمائندے سے بنوں حملے کے مرتکب افراد/ مہم سازوں کے خلاف مکمل تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستان نے تمام دہشت گرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر قابل تصدیق کارروائیاں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے اور حافظ گل بہادر کو پکڑ کر پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔