غزہ ‘ اسرائیلی جارحیت رکوانے میں عالمی طاقتیں ناکام رہی ہیں : ناصر عباس جعفری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) 29 نومبر 1977ءکو اقوام متحدہ کے تحت فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت رکوانے میں مکمل ناکام رہے ہیں، اقوام متحدہ کا ادارہ بھی لیگ آف نیشنز کی طرح اپنی ساکھ کھو چکا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کروانے میں مسلسل ناکام رہا ہے، او آئی سی اور عرب لیگ بھی فلسطینی عوام پر اسرائیلی ظلم وبربریت میں برابر کے شریک ہیں، اسرائیل کی جانب سے فلسطینی سرزمین پر ناجائز قبضہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، حالیہ جنگ میں غاصب صہیونی ریاست جنگی جرائم کی کھلم کھلا مرتکب ہوئی، جس میں چودہ ہزار سے زائد معصوم افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے، سات ہزار بچے اور خواتین شامل ہیں لیکن اس بڑے پیمانے پر کیئے گئے قتل عام پر اقوام متحدہ نے کوئی مو¿ثر کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسرائیل میدان جنگ میں بری طرح نڈھال ہو چکا، حماس کے خلاف اس کے خالی ہاتھ پھول چکے ہیں۔