• news

ہارون ملک کی سعودی سفیر سے ملاقات‘فٹبال کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں میں فٹبال کا معیار بہتر بنانے کیلئے مشترکہ منصوبوں کے معاملات زیر غور آئے، اتفاق کیا گیا کہ مختلف شعبوں میں مل کر کام کیا جائےگا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی فیڈریشن کی جانب سے اس احسن اقدام کے پاکستان فٹبال پر دورس نتائج مرتب ہوں گے،کھلاڑیوں اور کوچز کو اپنی مہارت بہتر بناکر کارکردگی میں نکھار لانے کے مواقع ملیں گے،امید ہے کہ ان کوششوں سے آنے والے وقتوں میں پاکستان سے کئی سپر سٹارز ابھر کر سامنے آئیں گے۔ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے سعودی حکومت اور فٹبال فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کھیل کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے،اپنی نوعیت کے پہلے ایم اویو سے اس عمل کو تیز تر کرنے میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن