• news

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال توسیع کر دی

اسلام آباد کراچی (نمائندہ خصوصی+ کامرس رپورٹر) سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی۔ سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے مملکت ِسعودی عرب کی جانب سے 5 دسمبر 2023ءکو مدت مکمل کرنے والے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ یہ رقم اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے سٹیٹ بنک آف پاکستان (ایس بی پی) میں جمع ہے۔ ڈپازٹ کی مدت میں توسیع مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کا تسلسل ہے۔ جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھنے اور ملک کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ 3 ارب ڈالر کے اِس ڈپازٹ معاہدے پر ابتدائی طور پر سال 2021ءمیں ایس ایف ڈی کے ذریعے سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ساتھ دستخط کیے گئے تھے اور پھر شاہی فرمان جاری ہونے کے بعد 2022ءمیں اس کا اجرائے ثانی ہوا تھا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کا عکاس ہے۔

ای پیپر-دی نیشن