بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان صارفین پر40 ارب کابوجھ پڑے گا
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کیے جانے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 53 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ یہ اضافہ اکتوبر2023ءکی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے سی پی پی اے کی درخواست پر آج سماعت کی۔ فیول پرائس اور بقایاجات کی مد میں سی پی پی اے کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں من و عن اضافے کی صورت میں جی ایس ٹی سمیت بجلی صارفین پر تقریباً40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ اعداد و شمار کا جائزہ لین کے بعد فیصلہ جاری کیا جائے گا۔