انتخابات میں تاخیر کی خبریں بے بنیاد، گمراہ کن: الیکشن کمشن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انتخابات میں تاخیری خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ ترجمان الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن اس کی پر زور تردید کرتا ہے۔ انتخابی فہرستوں کی تیاری نہ ہونے کی خبر بالکل جھوٹی ہے۔ الیکشن کمشن نے ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای سی نے مختلف چینلز پر چلنے والی خبروں کی ٹرانسکرپٹ اور ریکارڈنگ بھی منگوا لی ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن آج حلقہ بندیوں کی اشاعت کر دے گا۔ آج شام کو ویب سائٹ پر حلقہ بندیوں کی اشاعت ہو جائے گی۔ حتمی ووٹرز فہرستیں دسمبر کے آغاز میں آویزاں کر دی جائیں گی۔ ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی دو سے تین روز میں کر دی جائے گی۔ ڈی آر اوز اور آر اوز کی تجدید شدہ فہرست تیار ہے۔