خاتون جج دھمکی کیس، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست بریت مسترد
اسلام آباد ( نما ئندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی )سول جج مرید عباس خان کی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بریت درخواست مسترد کرتے ہوئے ٹرائل شروع کرنے کیلئے سماعت20 دسمبر تک ملتوی کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران سماعت سپیشل پراسکیوٹر رضوان عباسی اور چیئر مین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت پیش ہوئے، دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بریت درخواست پر پراسیکیوشن کی جانب سے دلائل مکمل کرتے ہوئے درخواست خارج کرکے ٹرائل شروع کرنے کی استدعا کی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بریت کیلئے دائر249 کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی خاتون جج دھمکی کیس میں بریت کے مستحق نہیں ہیں، کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع کرنے کیلئے سماعت20 دسمبر تک ملتوی کی جاتی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی پر الزام ہے کہ شہباز گل کی گرفتاری کے بعد ریمانڈ منظور کرنے پرچیئرمین پی ٹی آئی نے اگست 2022 میں دوران تقریر خاتون جج زیبا چوہدری کا نام لے کر دھمکی دی۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ اور 190 ملین پانڈ کیسز میں سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت درخواستوں میں وکیل کی جانب سے تیاری کیلئے وقت دینے کی استدعا پر سماعت6 دسمبر تک ملتوی کردی ، جبکہ توشہ خانہ اور 190 ملین پانڈ کیسز میں بشری بی بی کہ عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی گئی ۔ جبکہ وفاقی کابینہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے کرپشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا ٹرائل بھی احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں کرے گی، نیب کی ٹیم 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی تحققات تقریباً مکمل کر چکی ہے اور اس کا ریفرنس جلد دائر کیا جائے گا۔ دوسری طرف وفاقی کابینہ نے ملائیشیا کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق وزارت دفاع کو ملائیشیا کے ساتھ 1997ءکے معاہدے میں ترمیم کی اجازت دے دی گئی ہے۔جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم خان میاں خیل کو چیئرمین ایپلٹ ٹریبونل مسابقتی کمیشن تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔مظہر عالم میاں خیل کی تعیناتی سے اربوں روپے جرمانے کے کیسز نمٹائے جا سکیں گے۔