• news

وزیراعظم اور آرمی چیف کی کویتی ولی عہد سے ملاقات، 7 سمجھوتوں پر دستخط، اربوں ڈالر سرمایہ کاری آئیگی

 کویت+اسلام آباد(خبرنگارخصوصی+ نوائے وقت رپورٹ ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو کویت کے البیان محل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، کویت کی کابینہ سے تعارف کرایا گیا۔بدھ کے روزنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کویت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کیلئے البیان محل پہنچ گئے،کویت کے وزیرخارجہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح نے نگران وزیراعظم سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی، آئی ٹی، معدنیات، سرمایہ کاری سمیت مضبوط اقتصادی روابط کے قیام کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نگران وزیراعظم نے کویت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے صحت، سکیورٹی، انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی پر کویت کے اقدامات کو سراہا۔ کویت کے ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ نگران وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، وزیرِ توانائی محمد علی، وزیرِ تجارت گوہر اعجاز اور دیگر وزرا سمیت نگران وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی بھی نگران وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خلیجی ریاست کے سرکاری دورے کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح سے ملاقات کی۔کویتی نیوز ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق آرمی چیف کے ہمراہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم، کویت میں پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق اور دیگر حکام پر مشتمل وفد بھی موجود تھا۔ دونوں رہنماو¿ں نے مختلف شعبوں کے سات معاہدوں پر دستخط کئے، معاہدے فوڈ سکیورٹی، زراعت، ہائیڈل پاور، واٹر سپلائز اور کان کنی سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے طے پائے، معدنی صنعت، ٹیکنالوجی زونز، کینگروز کے تحفظ، کان کنی، ثقافت، ماحولیات اور پائیدار ترقی سے متعلق تین مفاہمتوں پر دستخط کئے گئے۔دونوں رہنماو¿ں نے تعلقات کی رفتار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا، دونوں ممالک میں قریبی رابطے اور تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے پر اتفاق کیا، نگران وزیراعظم نے کویت کے ساتھ ان معاہدوں کو ایک اور سنگ میل قرار دیا جو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے ملک کے لئے سامنے آرہی ہیں۔نگران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔ علاوہ ازیںنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا دو روزہ سرکاری دورہ کویت مکمل کرکے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز کے اٹھائیسیویں اجلاس (کاپ 28) میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن