• news

نوجوان 8 فروری کو مافیاز اور خاندانوں کی سیاست دفن کر دیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عدالتیں اور احتساب کے ادارے مذاق بن گئے۔ قوم کا ان پر اعتماد نہیں رہا، طاقتور کے لیے قانون اور انصاف موم کی ناک ہے، اقتدار میں ہونے اور نہ ہونے پر انصاف کے معیار بھی بدل جاتے ہیں۔ نوجوان ہی ملک بچا سکتے ہیں، 8فروری کو سٹیٹس کو، مافیاز اور خاندانوں کی سیاست کو دفن کر دیں۔ انگریز چلا گیا، وفادار چھوڑ گیا۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام یوتھ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جڑواں شہروں سے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد ایکسپو میں شریک تھی۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران پارٹیوں نے امریکا کی خوشنودی کی خاطر اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا، انہیں اقتدار عزیز ہے حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں پاناما لیکس اور پنڈوراپیپرز میں موجود ہیں۔ عوام ووٹ کی طاقت سے لٹیروں اور ظالموں کا احتساب کریں۔ امیر جماعت نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک پر 72ہزار ارب کا قرضہ ہے۔ مقروض ملک کے حکمرانوں کے پروٹوکول اور شاہانہ اخراجات میں کبھی کمی نہیں آئی۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر طلبہ یونین بحال کرے گی۔ نوجوانوں کو روزگار دیں، انھیں زرعی زمینیں دی جائیں گی۔ بچیوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائیگا، اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف مقرر کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن